دسمبر کی شادیاں
دسمبر کی شادیاں بھئی ویسے تو ہم خود بھی دسمبر کی پیدائش ہیں ، مگر یہ دسمبر تو جیسے شادیوں کا باقاعدہ سیزن ہی بن چکا ہے۔ جدھر دیکھو، شادی ہی شادی۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ آپ لوگ شادی نہ کریں، مگر بیچارے اور بھی تو مہینے ہیں جو برسوں سے منتظر ہیں۔ ان مہینوں کا کیا قصور ہے؟ ویسے بھی کراچی میں سردی کا تو نام ہی بدنام ہے، مگر مان لیتے ہیں، تھوڑی بہت ہوتی تو ہے۔ اب اگر وہ بھی شادیوں میں ہی دن گزار دے تو ہم رضائی اوڑھ کر کب سوئیں گے؟ پھر کیا پتا سردی کب آئی اور کب چلی گئی۔ خیر، بات تو ہم شادیوں ہی کی کر رہے تھے۔ بچپن میں تو ہمیں کچھ پتا ہی نہیں ہوتا تھا۔ شادیاں ہمارے لیے بس ایک چھوٹی سی خوشی ہوتی تھیں۔ خوشی بھی ایسی کہ اچھے کپڑے پہننے کو مل جائیں گے یا کولڈ ڈرنک ملے گی، اور جتنا دل چاہے پی لو۔ اور پہلے تو بس بریانی یا قورمہ ہی عام ہوتا تھا۔ دل تو چاہتا تھا کہ پوری دیگ صاف کر دیں، مگر سچ پوچھیں تو ایک پلیٹ سے زیادہ کھایا ہی نہیں جاتا تھا۔ کھانا دیکھ کر ہی دل بھر جاتا تھا۔ اوپر سے کولڈ ڈرنک نے الگ ہی بھر دیا ہوتا تھا اور وہ منظر تو آج بھی یاد ہے جب لوگ ایک دوسرے کو دھکے دیتے تھے او...