چائےکی پیالی 🍵
☕ چائے کی پیالی:
(چائے کے پیچھے کی کہانی )
آج ہمارے گھر چائے کی پتی ختم ہوگئی تھی۔ اصل میں میں کل بازار گیا تھا لیکن پتی لانا بھول گیا ۔ صبح ہوتے ہی میں نے ہی کہا “چائے کہاں ہے؟” میں نے ہی پورے گھر پر ہنگامہ مچادیا 😅۔ بیگم صاحبہ نے غصے سے کہا: “خود ہی تو پتی لانا بھول گئے اب ہم پر کیوں غصہ کرتے ہو ؟؟ میں تو اپنا ہی منہ لے کر بیٹھ گیا اور چائے نہ ملنے پر میری ایسی حالت تھی جیسے کسی نے میری آکسیجن مشین بند کر دی ہو!”میں نے سوچا واقعی... آخر یہ چائے ہے کیا بلا؟ اور آخر اسے بنایا کس نے تھا؟نہ کوئی اس کو ایجاد کرتا اور نہ آج میری یہ حالت ہوتی۔ بس پھر کیا تھا چائے کی پتی کے بغیر ناشتے کا مزہ بھی اڑن چھو ہو گیا، اور میں نے تحقیقات شروع کر دی۔ اور جو کچھ معلوم ہوا، وہ خود ایک دلچسپ کہانی نکلی۔
🌱 چائے کی ابتدا کہاں سےہوئی؟
چائے کی کہانی تقریباً پانچ ہزار سال پرانی چین سے شروع ہوتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ایک بادشاہ تھا شین نونگ جو ہمیشہ صاف پانی ابال کر پیا کرتا تھا۔
ایک دن وہ باغ میں بیٹھا پانی ابال رہا تھا کہ درخت کے چند پتے آ کر برتن میں گر گئے۔پانی کا رنگ بدل گیا، خوشبو الگ سی آنے لگی۔
بادشاہ نے سوچا:"چلو دیکھتے ہیں کیا بنتا ہے" اور جب پہلا گھونٹ لیا تو دل خوش ہو گیا۔یوں دنیا کو پہلی بار “چائے” نصیب ہوئی مگر ایک جگہ یہ بھی سنا ہے کہ ہندوستان میں ایک مشروب تیار کیا گیا جس میں جڑی بوٹیوں ڈال کر علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا
🚶♀️ چائے کا سفر دنیا بھر تک:
چین یا ہندوستان سے چائے کا سفر شروع ہوا اور آہستہ آہستہ جاپان، برما اور پھر یورپ تک پھیل گیا۔جب یورپی تاجر چین پہنچے اور چائے پی، تو کہنے لگے: “واہ! یہ تو کمال کی چیز ہے!”
پھر انہوں نے چائے کے بیج اپنے ملکوں میں لے جانا شروع کیا۔سب سے زیادہ مشہور ہوئی انگلینڈ کی چائے جہاں “ٹی ٹائم” ایجاد ہوا۔برطانوی راج کے زمانے میں چائے کے باغات ہندوستان اور سری لنکا میں لگائے گئے۔یوں چائے دنیا بھر میں ہر زبان، ہر کلچر اور ہر گھر کی ضرورت بن گئی۔
🍵 عام لوگ چائے کب پینے لگے؟
پہلے پہل چائے صرف بادشاہوں اور امیروں کے لیے تھی۔عام لوگ صرف اس کی خوشبو سونگھ کر خوش ہو جاتے تھے۔ 😂
لیکن جیسے جیسے اس کی پیداوار بڑھی، چائے ہر گھر تک پہنچ گئی۔اٹھارویں صدی میں چائے پینا فیشن اور تہذیب کی علامت بن گیا اور آج کے دور میں تو حال یہ ہے کہ بغیر چائے کے دن شروع ہو ہی نہیں سکتا آج کی دنیا میں چائے کی اہمیت:
آج چائے صرف ایک مشروب نہیں، بلکہ احساس، عادت اور علاج بن چکی ہے۔کوئی تھکا ہو تو چائے، کوئی خوش ہو تو چائے، کوئی ناراض ہو تو بھی چائے۔ پاکستان میں تو چائے ایک قومی جذبہ ہے۔ دفتر ہو یا گھر، بارش ہو یا مہمان ہر موقع پر ایک ہی جملہ گونجتا ہے:
"چائے بناؤں؟" ☕
اب تو چائے کے ساتھ بیسکٹ، نمکو اور کبھی سموسے بھی ضروری ہو جاتے ہیں کچھ لوگ تو چائے ایسے پیتے ہیں جیسے یہ ان کی روزانہ کی عبادت ہو😄 اور سچ کہوں تو یہ بھی حقیقت ہے کیونکہ ایک کپ چائے واقعی دن کو بدل دیتا ہے۔
اختتامیہ:
چائے صرف ایک مشروب نہیں بلکہ احساسات کی ترجمان ہے۔ اس کے ہر گھونٹ میں ایک کہانی چھپی ہوتی ہے کبھی دوستی کی، کبھی سکون کی، کبھی یادوں کی۔ شاید اسی لیے کہا جاتا ہے کہ “چائے دلوں کو جوڑتی ہے اور لمحوں کو یادگار بناتی ہے۔”
میرا خیال ہے کہ اتنی تحقیق کافی ہے اب میں کپڑے بدل کر بازار سے پتی لے ہی آتا ہوں پھر سوچا مجھ کو اتنی گہرائی میں جانے کی کیا ضرورت ہے۔ چائے جس نے بھی ایجاد کی دنیا کا بہترین کارنامہ سر انجام دیا ۔
آخر میں بس اتنا ہی کہوں گا…
“زندگی چاہے کتنی بھی تلخ کیوں نہ ہو، ایک کپ چائے اسے میٹھا بنا ہی دیتی ہے۔
تحریر: ندا ہاشمی
👍
ReplyDelete