خوبصورتی کا جنون
خوبصورتی کا جنون
"(چہرے کی چمک تو وقت کے ساتھ ماند پڑ جاتی ہے، مگر روح کی روشنی کبھی بجھتی نہیں)"
اللہ کی تخلیقات میں عورت ایک حسین شاہکار ہے خوبصورتی، نزاکت، احساس سب کچھ اس کے وجود کا حصہ ہے۔ مگر وقت کی چال سے کوئی نہیں بچ سکا۔ ایک دن آتا ہے جب چہرے پر ہلکی لکیریں اُبھرتی ہیں، بالوں میں سفیدی جھلکنے لگتی ہے اور مسکراہٹ کےکناروں پر وقت کے نشان دکھائی دیتے ہیں۔
ہر زمانے کی عورت نے اپنی جوانی کو تھامنے کی کوشش کی ہے۔ پرانے وقتوں میں وہ گلاب کے عرق، بیسن، دودھ اور صندل سے اپنے چہرے کو چمکاتی تھی۔ مگر آج کے جدید دور میں جہاں ہر چیز لمحوں میں بدل رہی ہے، وہاں خوبصورتی کا معیار بھی بدل گیا ہے۔
آج کے دور میں، چہرے کی جھریاں مٹانے اور جلد کو کھنچوانے کا رواج عام ہو چکا ہے۔ خواتین اپنے چہروں میں نئی جان ڈالنے کے لیے سوئیوں کے لمس سے بھی نہیں گھبراتیں۔
کل تک یہ صرف فلمی اداکاراؤں تک محدود تھا، مگر اب تو عام عورت بھی چاہتی ہے کہ اُس کا چہرہ سدا جوان نظر آئے اب تو حد یہ ہے کہ سوشل میڈیا نے خوبصورتی کو ایک دوڑ بنا دیا ہے جہاں نظر ڈالو، سب کے سب جوان بننے کی کوشش میں ہیں۔
فیس بک سے لے کر انسٹاگرام تک، ہر چہرہ فلٹرز کے جادو میں ڈوبا ہے ہر کوئی چاہتا ہے کہ اس کا رنگ نکھرا ہوا، ناک سیدھی، ہونٹ بھرے ہوئے اور جلد بے داغ ہو۔اب تو حال یہ ہے کہ مرد بھی پیچھے نہیں رہتے وہ بھی بوتوکس لگوا کر چہرے کی لکیریں مٹاتے ہیں اور پھر بات آتی ہے Korea کی جہاں خوبصورتی ایک مکمل صنعت بن چکی ہے وہاں کی لڑکیوں کی ویڈیوز دیکھ کر تو عقل دنگ رہ جاتی ہے پتا ہی نہیں چلتا کہ یہ وہی چہرہ ہے یا ایک نئی تخلیق!
کبھی آنکھوں کی شکل بدل جاتی ہے، کبھی ناک، کبھی پورا چہرہ۔۔۔۔ ایسا لگتا ہے جیسے انسان نہیں، کوئی جیتا جاگتا فلٹر ہو اور یہی دیکھ کر دنیا بھر کی عورتیں اب اسی راہ پر چل پڑی ہیں بوتوکس، فلرز،
سرجریز… سب کچھ، صرف جوان دکھنے کے لیے مگر سوال یہ ہے کہ کیا جوانی صرف چہرے کا نام ہے؟
کیا مسکراہٹ صرف تب
خوبصورت ہوتی ہے جب اس کے اردگرد کوئی لکیر نہ ہو؟
شاید ہم بھول گئے ہیں کہ اصل خوبصورتی اُس روشنی میں ہے جو اندر سے جھلکتی ہے اُس اطمینان میں جو ایمان سے آتا ہے، اُس سکون میں جو سچائی سے جنم لیتا ہے۔
یہ تو قدرتی عمل کہ وقت کے ساتھ چہرہ بدلتا ہے، مگر دل کا حسن اگر قائم رہے تو انسان کبھی بوڑھا نہیں ہوتا اپنی روح کو جوان رکھے، کیونکہ اصل چمک وہی ہے جو اندر سے آتی ہے نہ کہ کسی انجیکشن سے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ جوانی کا اصل راز انجیکشن یا فلٹر میں نہیں، بلکہ اُس سکون میں ہے جو دل کے اندر بستا ہے۔ جب انسان خود سے مطمئن ہو جائے تو ہر لکیر بھی خوبصورت لگتی ہے۔
آپ لوگ بھی اپنی رائے کا اظہار ضرور کیجیے
تحریر:ندا ہاشمی
Very nice msg
ReplyDeleteThanks
Delete