ستاروں کا علم

 

ستاروں کا علم

(آغاز سے آج تک)

رات کے پچھلے پہر ایک شخص ساحل کنارے کھڑا ٹکٹکی باندھ کےآسمان تک رہا تھا۔ ستاروں کا سمندر اپنی روشنی سے ذہن کی کھڑکیاں کھول رہا تھا ۔ وہ گہری سوچ میں ڈوبا ہوا تھا: آخر یہ ستارے کیسے روشن ہیں؟ ان میں یہ توانائی کہاں سے آئی ؟ کیا یہ آسمان پر لٹکتے دیے  ہماری زندگی سے کچھ تعلق رکھتے ہیں یا صرف خوبصورتی کے لیے ہیں، یا ان کے پیچھے کوئی اور پر اسرار مقصد پوشیدہ ہے؟ یہی سوالات اُس کے ذہن میں گھوم رہےتھے اور اسی جستجو نے انسان کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ گویا یہیں سے ستاروں کا علم شروع ہوا۔

زمانئے قدیم میں ستاروں کے علم کی بنیاد

انسان نے سب سے پہلے آسمان کو وقت ، سمت اور موسم جاننے کے لیے استعمال کیا۔

  • بابلی لوگ ستاروں کی حرکت کو نوٹ کرتے اور مٹی کی تختیوں پر لکھتے۔ ان کے نزدیک آسمان ایک کتاب تھی۔ وہ ستاروں کی مدد سے موسم اور زراعت کا حساب لگاتے۔
  • مصری لوگ اہرام کو ستاروں کی سمت کے مطابق بناتے۔ سورج اور چاند سے وقت معلوم کرتے۔ دریائے نیل کے کنارے کھڑے کسان ستاروں کی روشنی سے بیج بوتے۔
  • چینی لوگ آسمان میں تبدیلی کو بادشاہت کی قسمت سے جوڑتے۔ وہ سورج گرہن اور دمدار ستاروں کی خبریں دیتے اور ان کو زمین پر ہونے والے واقعات سے ملا کر سمجھتے۔

یہ سب تہذیبیں آسمان کو دیکھ کر اپنی دنیا کو سمجھنے کی کوشش کرتی تھیں۔ آسمان ان کے لیے ایک رازوں بھری کتاب تھا۔

یونانی فلسفہ اور سوالات سے علم  

یونانیوں نے آسمان کو منطق سے سمجھنے کی کوشش کی۔ وہ سادہ سوال پوچھتے تھے:

  • زمین کہاں ہے؟
  • سورج کہاں ہے؟
  • ستارے کیوں حرکت کرتے ہیں؟

کچھ یونانیوں نے کہا زمین مرکز ہے اور باقی سب اس کے گرد گھومتا ہے۔ کچھ نے کہا سورج زیادہ اہم ہے۔ پائتھاگورس نے کہا کہ کائنات میں سب کچھ اعداد کے اصول پر قائم ہے۔ بطلیموس نے زمین مرکز والا نظریہ مضبوط کیا اور صدیوں تک یہی مانا گیا۔ یونانیوں کی خاص بات یہ تھی کہ وہ سوال پوچھتے اور جواب ڈھونڈنے کی کوشش کرتے۔ یہی سوالات بعد میں فلکیات کو ایک باقاعدہ علم میں بدلنے لگے۔

 

اسلامی افکار اور افلاک کی دنیا

جب ساری دنیا اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی، مسلم سائنسدان آسمانی اسرار سمجھنے میں مصروف تھے۔

  • البیرونی نے زمین کی پیمائش کی اور بتایا کہ زمین اپنی جگہ پر حرکت بھی کرتی ہے۔
  • ابنِ الہیثم نے روشنی کے اصول بیان کیے، جس سے دوربین کی بنیاد پڑی۔
  • نصیر الدین طوسی نے رصدگاہیں بنائیں اور فلکیات کو نئی سمت دی۔

مسلمان سائنسدانوں نے آسمان کو نہ صرف دیکھا بلکہ اس کے رازوں کو سمجھنے کی کوشش کی۔ ان کی محنت نے بعد میں یورپ کے سائنسدانوں کو نئی راہیں دکھائیں۔ فلکیات اب صرف مشاہدہ نہیں رہا بلکہ ایک مکمل علم بن گیا ہے۔

یورپ کی بیداری اور نیا علمی دور

نشاۃ ثانیہ کے دوران کوپرنیکس نے ثابت کیا کہ سورج مرکز ہے اور زمین اس کے گرد گھومتی ہے۔ یہ نظریہ صدیوں پرانے عقیدے کو باطل کر دیا۔

  • گلیلیو نے ٹیلی اسکوپ بنایا اورمشتری کے چاند دیکھے۔
  • کیپلر نے سیاروں کی حرکت کے اصول بیان کیے۔

یوں فلکیات ایک مضبوط سائنس بن گئی، جو عقل اور مشاہدے پر قائم تھی۔ اب لوگ صرف آسمان کو دیکھ کر حیران نہیں ہوتے تھے بلکہ اس کو سمجھنے کی کوشش کرتے تھے۔

جدید دور کی دریافتیں

وقت گزرتا گیا اور انسان نے آسمان کو مزید قریب سے دیکھنا شروع کیا۔

  • 1781 میں یورینس دریافت ہوا۔
  • 1846 میں نیپچون۔
  • 1930 میں پلوٹو۔

بیسویں صدی میں ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپ نے کہکشاؤں کی حیرت انگیز تصاویر دنیا کو دکھائیں۔ انسان نے چاند پر قدم رکھا، مریخ پر مشنز بھیجے اور بلیک ہول کی تصویریں کھینچیں۔ آسمان اب صرف کہانی نہیں رہا بلکہ ایک حقیقت بن گیا جسے انسان اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتا تھا۔ فلکیات اب ایک مکمل سائنس تھی، جس میں تحقیق، مشاہدہ اور تجربہ سب شامل تھے۔ 

دورِ حاضرمیں عام لوگوں کی دلچسپی

آج فلکیات صرف سائنسدانوں تک محدود نہیں۔ عام لوگ بھی اس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

  • موبائل ایپس کے ذریعے لوگ آسمان میں موجود برجوں اور سیاروں کو پہچانتے ہیں۔
  • سوشل میڈیا پر فلکیاتی دریافتوں پر بات ہوتی ہے۔
  • بچے اسکولوں میں فلکیات کے ماڈل بناتے ہیں۔
  • نوجوان رات کو دوربین لگا کر آسمان دیکھتے ہیں۔
  • مریخ پر جانے کے منصوبے اور بلیک ہول کی تصویریں سب کو حیران کرتی ہیں۔

فلکیات اب ایک ایسا علم ہے جو ہر انسان کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔

وہ تنہا انسان جو ساحل کنارے آسمان کو دیکھ رہا تھا، آج کروڑوں انسانوں کی شکل میں موجود ہے۔ اس کی حیرت آج بھی زندہ ہے۔ ستارے اب بھی آسمان پر جگمگا رہے ہیں، مگر انسان نے ان کے راز جاننے کے لیے زمین سے نکل کر خلا میں قدم رکھ دیا ہے۔ ستاروں کا علم دراصل انسان کی کہانی ہے،حیرت سے علم تک، اندھیروں سے روشنی تک، اور زمین سے آسمان تک۔

Comments

Post a Comment

Popular posts from this blog

سوشل میڈیا کا جادو

کچھ نہ کہہ سکا

مکان کا حصہ